وزیراعلیٰ کے پی کے کا صوبے بھر میں بلاجواز لوڈشیڈنگ کا نوٹس

Last Updated On 25 August,2018 08:35 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے بھر اور ملاکنڈ ڈویژن میں بلا جواز لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے چیف پیسکو کو طلب کر لیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نو ٹس لیتے ہوئے چیف پیسکو کو طلب کر لیا۔ وزیراعلی نے پیسکو چیف کو بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے سسٹم کو بہتر بنائے کی ہدایت کی اور کہا کہ بجلی کی لوڈ مینجمنٹ اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرے۔ بجلی کی ترسیل اور تقسیم صوبے کے حق اور طے شدہ فارمولے کے تحت ہونی چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے پیسکو چیف کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت پیسکو کے مسائل اور بجلی کی تقسیم اور ترسیل سمیت سسٹم کی اپ گریڈیشن میں مدد کرے گی۔ چیف پیسکو نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو یقین دلایا کہ اوور لوڈنگ اور سسٹم کے بیٹھ جانے سے لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے جس پر جلد قابو پالیں گے۔

دوسری طرف صوبے بھر میں 3 دن سے بجلی غائب ہے، طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو انہوں نے پیسکو املاک کو لاکھوں کا نقصان پہنچایا۔ احتجاجیوں نے پشاور کے ورسک روڈ پر بجلی کے گیارہ ہزار لائن ٹرانسمیشن کے پول گرا دیے۔

پیسکو حکام کے مطابق خیبرپختونخوا میں بجلی کی طلب 2 ہزار 384 میگا واٹ جبکہ رسد 1600 میگا واٹ ہے جس کے باعث لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔

Advertisement