اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سے ملاقات خوشگوار رہی، انہوں نے ریفرنس دائر کرنے کو خفیہ رکھنے کا نہیں بلکہ نیب کی تفتیش کو صیغہ راز میں رکھنے کا کہا ہے۔
قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیب کا کردار سب کے سامنے ہے، اس کی کارکردگی پر کیا بات کروں۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میرا ادارہ ہے، چیف جسٹس سے ملاقات خوشگوار رہی، انہوں نے ریفرنس دائر کرنے کو خفیہ رکھنے کا نہیں بلکہ نیب کی تفتیش کو صیغہ راز میں رکھنے کا کہا ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ میں نے پبلک کرنی ہوتی تو کب کی کر چکا ہوتا۔
صحافی نے اس موقع پر ان سے سوال کیا کہ بیرونِ ملک پیسہ لانے کے حوالے سے نتائج کب ملیں گے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک سے رقم واپس لانے کے حوالے سے جلد اچھی بات سامنے آئے گی۔
اس سے قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین مسنگ پرسنز کمیشن جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے حتمی رپورٹ جلد پیش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کو کام کرنے دیں، کسی سے زیادتی نہیں کریں گے، مجھے امید ہے کہ پارلیمنٹ میں نوجوان لوگ ہیں جو ملک کی بہتری کے لیے محنت کریں گے۔