اسلام آباد (خصوصی رپورٹر ) العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں واجد ضیاء عدالت میں پیش ہو گئے، نواز شریف کو بھی پیشی کے لئے احتساب عدالت پہنچایا گیا۔
احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کی۔ معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، سپریم کورٹ کا انہی ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کی مدت میں توسیع کا معاملہ چل رہا ہے، خواجہ حارث جیسے ہی سپریم کورٹ سے فارغ ہوئے یہاں آجائیں گے۔
جج ارشد ملک نے کہا سپریم کورٹ سے مدت میں ایک ماہ کی توسیع ملی تو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کریں گے، اگر سپریم کورٹ نے 2 ماہ کا وقت دیا تو پھر سماعت اسی حساب سے کریں گے۔ جج ارشد ملک نے استفسار کیا کیا آج تفتیشی افسر عدالت میں موجود ہیں، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا تفتیشی افسر کو تو آج طلب ہی نہیں کیا گیا تھا۔
قبل ازیں سخت سکیورٹی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت پہنچا دیا گیا، لیگی رہنما پرویز رشید اور بیرسٹر ظفراللہ بھی عدالت میں موجود تھے۔