اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وفاقی وزیر بابر غوری اور دیگر کیخلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے جبکہ سابق وزیرِ خارجہ خواجہ آصف اور تحریکِ انصاف کے عبدالعلیم خان کے خلاف انکوائری کی منظوری دے دی۔ کیپٹن (ر) صفدر کے حلقے میں بھی رقم کی منتقلی پر انکوائری ہو گی۔
قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جاوید اقبال کے زیرِ صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ سابق وفاقی وزیر بابر غوری اور دیگر ملزمان پر غیر قانونی بھرتیوں کے ذریعے 2 ارب 85 کروڑ جبکہ خواجہ آصف پر قومی خزانے کو 3 ارب 66 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان اور دیگر ملزمان پر بھی مبینہ طور پر مشتبہ رقوم بیرونِ ملک منتقل کرنےکا الزام ہے۔ کیپٹن (ر) صفدر کے حلقے میں غیر معیاری ترقیاتی کام اور رقم کی منتقلی پر بھی انکوائری کی منظوری دے دی گئی۔ کیبنٹ ڈویژن نے حلقہ این اے 21 مانسہرہ میں پی ڈبلیو ڈی کو 9 ارب روپے جاری کیے تھے۔
اجلاس میں سابق ایم این اے عبد الحکیم بلوچ، سابق وزیر ظفر علی لغاری اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں جبکہ ملتان سکھر موٹر وے کا غیر قانونی ٹھیکہ دینے پر این ایچ اے حکام کیخلاف انکوائری کی بھی منظوری دی گئی۔
بورڈ نے امتحانات میں غیر شفافیت کی شکایت پر این ٹی ایس اور محکمہ بنیادی صحت مراکز پنجاب کے حکام کیخلاف انکوائری شروع کرنے کی اجازت دے دی۔