اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی نااہلی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔
جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ وکیل منیر اے ملک نے عدالت سے استدعا کی کہ خواجہ آصف نے آئندہ الیکشن لڑنا ہے، لہذا نااہلی کا فیصلہ معطل کیا جائے، جیسے عدالت نے مسترد کر دیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں:خواجہ آصف تاحیات نااہل
سپریم کورٹ نے نااہلی کیخلاف خواجہ آصف کی اپیل ابتدائی سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے عثمان ڈار سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ خواجہ آصف اور عثمان ڈار اپنی تحریری گزارشات دائر کریں۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا آئندہ عام انتخابات کس تاریخ کو ہو رہے ہیں ؟ لگتا ہے اب خواجہ آصف کو کابینہ میں کوئی دلچسپی نہیں۔ جس پر وکیل نے جواب دیا آپ نے ایک ماہ کی تاریخ دی، اس لیے نا اہلی معطل کرنے کی استدعا کی۔ جسٹس عمر عطا بندیل نے ریمارکس دیئے آئندہ تاریخ ایک ماہ سے کم کر کے 2 ہفتےکر دیتے ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتے تک ملتوی کر دی۔