راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم کی جی ایچ کیو میں عسکری قیادت سے آٹھ گھنٹے طویل ملاقات، مختلف امور پر بریفنگ، یادگارِ شہدا پر حاضری، صلاحیتیں بڑھانے کیلئے فوج کو تمام سہولتیں دینے کا اعلان کر دیا۔
وزیرِاعظم عمران خان نے منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔ وزیرِاعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے وزیرِاعظم کا فرداً فرداً تمام فوجی افسران سے تعارف کروایا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے آرمی چیف کے ہمراہ یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور بلندیِ درجات کیلئے دعا کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیرِاعظم عمران کو جی ایچ کیو میں اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال، پاک فوج کی دہشتگردی کیخلاف جاری کارروائیاں، آپریشن ردالفساد، کراچی کی صورتحال اور خوشحال بلوچستان پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزرا، خارجہ، دفاع، اطلاعات، خزانہ اور وزیر مملکت برائے داخلہ بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر وزیرِاعظم عمران خان نے پاکستانی فوج کی آپریشنل تیاریوں، پیشہ وارنہ مہارت اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، مشترکہ قومی سوچ اور قوم کی حمایت سے ہم ان چیلنجز پر کامیابی سے قابو پا لیں گے۔
وزیرِاعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ ترقی پاکستان کا مقدر ہے، ملک بین الاقوامی دنیا میں انشا اللہ مثبت انداز سے ابھرے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان آرمی کی صلاحیتوں اور استعداد کار بڑھانے کے لیے حکومت تمام ذرائع فراہم کرے گی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیرِاعظم عمران خان کے دورے اور فوج پر اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انشا اللہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔
یاد رہے وزیرِاعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کچھ روز قبل پہلی باضابطہ ملاقات کی جس میں اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن کی کوششوں کو جاری رکھا جائے گا۔ آرمی چیف نے وزیرِاعظم کو دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشنز پر بریف کیا۔
عمران خان نے کہا کہ دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے پاک فوج نے لازوال قربانیاں دیں۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
آرمی ہیڈ کوارٹرز کے دورے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چودھری نے بتایا کہ جی ایچ کیو کا دورہ بہت اچھا تھا، بریفنگ انتہائی اہمیت کی حامل تھی، دنیا کی بہترین فوج کی کمانڈ سے ملاقات پر فخر ہے، ہم تمام اداروں کے تعاون سے درپیش چیلنجز پر قابو پا لیں گے۔