لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کابینہ نے کفایت شعاری پالیسی کی منظوری دے دی، صوبے میں کسی کو اضافی پروٹوکول نہیں دیا جائے گا، امن و امان کی بہتری کیلئے نیا پلان تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا، اجلاس میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے اپنے اپنے محکموں سے متعلق بریفنگ دی اور صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔
کابینہ کے اجلاس میں کفایت شعاری پالیسی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے اخراجات کم کیے جائیں گے، صوبے بھر میں کسی کو اضافی پروٹوکول نہیں دیا جائے گا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب خود بھی انتہائی کم ضروری پروٹوکول لیں گے۔
اجلاس میں شریک اراکین کی صرف چائے اور بسکٹ سے تواضع کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی بچت مہم ہر صورت کامیاب کریں گے، وزیراعظم کے 100 دن کے پلان پر مکمل عملدر آمد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری کیلئے نیا پلان تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جبکہ کابینہ کو وزیراعظم عمران خان کے 100 دن کے ایجنڈے کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔