سیالکوٹ: (دنیا نیوز) سیالکوٹ کے تھانہ ہیڈ مرالہ کی حدود میں مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما نے ساتھیوں سے مل کر قانون کی دھجیاں اڑادیں۔ سرعام فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، فوٹیج اور تصاویر کے باوجود پولیس کسی بھی ملزم کو نہیں پکڑ سکی، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بھرے بازار میں لش پش کار پر آنے والے چار سواروں نے گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔ یہ مناظر سیالکوٹ میں دِکھائی دیئے جب این اے 73 سے ن لیگی رہنما اور ساتھی گاڑی سے نکلے، قانون کی دھجیاں اڑائیں اور جی کھول کر گولیاں چلائیں۔
تھانہ ہیڈ مرالہ کی حدود میں قانون کو بندوق کی نوک پر رکھنے والے ن لیگ یوتھ ونگ کے مقامی سیکرٹری جنرل احسان گجر کی خواجہ آصف کے ساتھ تصاویر بھی سامنے آ گئیں۔ ن لیگی رہنما اور ساتھیوں کی کارستانی دنیا نیوز پرنشر ہوئی تو پولیس ایکشن میں آگئی۔ واقعےکامقدمہ درج کرلیا مگر اب تک کوئی ملزم ہاتھ نہیں آیا۔