اسلام آباد: (دنیا نیوز) شرجیل میمن کے کمرے سے شراب برآمدگی کا معاملہ مزید طول پکڑ گیا، آغا خان ہسپتال لیبارٹری نے شرجیل میمن کے خون نمونے کی تصدیق سے انکار کر دیا۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کے لئے جانے والے خون کے نمونے شرجیل میمن کے تھے یا نہیں؟ اس بارے میں کچھ نہیں بتا سکتے۔ آغا خان ہسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خون کے نمونے یہاں نہیں لئے گئے۔
ہسپتال انتظامیہ کا موقف ہے کہ خون کے نمونے ضیا الدین ہسپتال کی جانب سے بھیجے گئے تھے جو دوپہر بارہ بجکر تین منٹ پر موصول ہوئے۔ ہسپتال انتظامیہ نے یہ بھی واضح کر دیا کہ خون کے نمونے آغا خان کے کسی ملازم نے نہیں لیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آغا خان ہسپتال کے ہینڈ آؤٹ پر مبنی شرجیل میمن کی بلڈ رپورٹ منظر عام پر آئی تھی جس میں شرجیل میمن کے خون میں کسی قسم کا شراب نوشی کا عنصر نہیں پایا گیا تھا۔