ڈاکٹر فاروق ستار کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت

Last Updated On 05 September,2018 02:49 pm

کراچی: (دنیا نیوز) فاروق ستار کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دے دی گئی۔ ایم کیو ایم رہنما نے کہا کچھ مشترکہ دوستوں نے پی ٹی آئی سے الیکشن لڑنے کا کہا، ایم کیو ایم کو نہیں چھوڑ سکتا۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا زیتون کا تیل اور شہد شراب کی بوتلوں میں کیوں تھا ؟ اس کی تحقیقات کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا علی رضا عابدی نے رابطہ کمیٹی سے دلبرداشتہ ہو کر استعفیٰ دیا، اب بھی وقت ہے علی رضا عابدی کو منانا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کراچی کو وفاق سے ریونیو کا جائز حصہ نہیں ملتا، امید ہے کراچی کو اس کا حصہ دیا جائے گا۔

ایم کیو ایم رہنما نے عارف علوی کو صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا عارف علوی کو پی ٹی آئی، متحدہ اتحاد کا کسٹوڈین بننا چاہیئے، امید ہے عارف علوی کراچی کی بھلائی کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم اب بھی سندھ کے شہروں کی سب سے اہم جماعت ہے، ایم کیو ایم کو کراچی کے مسائل کا ادراک ہے۔

فاروق ستار نے مزید کہا گورنر سندھ پی ٹی آئی، متحدہ اتحاد کو قائم رکھنے کیلئے اقدامات کریں، دھاندلی کے تحت ہم سے بہت سی نشستیں چھینی گئیں، وزیراعظم اپنے وعدوں کے مطابق حلقے کھولیں۔ انہوں نے کہا ہمیں اپنی صفوں پر بھی نظر ڈالنی چاہیئے، بہت سے فیصلوں میں مجھ سے مشاورت نہیں کی گئی، رابطہ کمیٹی کو بھی اپنے فیصلوں کو ازسرنو دیکھنا ہوگا۔