چکوال: (دنیا نیوز) ڈپٹی کمشنر چکوال نے کھلاڑی ایم این اے پر سترہ افسروں کے تقرر و تبادلے کے لیے دباؤ ڈالنے کا الزام لگاتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھ دیا، رکن قومی اسمبلی ذوالفقار علی خان نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
کارِ سرکار میں مداخلت کا الزام، ڈپٹی کمشنر چکوال کھلاڑی ایم این اے کے خلاف بول پڑے۔ چیف سیکریٹری پنجاب کے نام خط میں تحریکِ اںصاف کے ایم این اے ذوالفقار علی خان پر ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے 17 افسروں کے تقرر وتبادلے کے لیے دباؤ ڈالنے کا الزام لگا دیا گیا ہے۔
خط کے مطابق رکن قومی اسمبلی نے پہلے دفتر آ کر تقرر وتبادلوں کیلئے زور دیا، پھر تین ستمبر کو ٹیلی فون بھی کیا، پوسٹنگ ٹرانسفرکی لسٹ میں
گردوار، پٹواری اور ریڈرز سمیت دیگر افسروں کے نام شامل تھے، ایم این اے نے پٹواری محمد اسلم کا تبادلہ منسوخ کرنے کا بھی کہا۔
دوسری جانب رکن قومی اسمبلی ذوالفقار علی خان نے ڈپٹی کمشنر کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پٹواری کے تبادلے کیلئے فون کیا تھا کیونکہ لوگ اس کے کام سے مطمئن نہیں تھے، سترہ افسروں کی فہرست بھجوانے کی بات درست نہیں ہے۔