'ملک میں کھیلوں کےمیدان میں بہت سی تبدیلیاں لائیں گے'

Last Updated On 04 September,2018 05:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کھیلوں کے میدان میں بہت سی تبدیلیاں لائیں گے۔ فنڈز دستیاب نہ ہونے کی و جہ سے پاکستان میں کھیلوں کا شعبہ متاثر ہو رہا ہے۔

پاکستان سپورٹس کمپلکس اسلام آباد میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے کھلاڑیوں نے پودے لگا کر بلین ٹری منصوبے میں اپنا حصہ ڈالا۔ مہمان خصوصی فہمیدہ مرزا نے بھی پودا لگایا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کھیل اور ماحولیات کا بہت گہرا تعلق ہے، پاکستان میں سپورٹس کو ایک سبجیکٹ کے طور پر لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔ جب تک ہم کھیل میں سے سیاست کا خاتمہ نہیں کر دیتے پاکستان کھیلوں میں آگے نہیں جا سکتا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کھیلوں کے میدان میں سب سے بڑا مسئلہ فنڈنگ کا ہے، جس کا جلد از جلد حل نکالا جائے گا۔ جمعرات کو گورنگ باڈی کا اجلاس طلب کیا جا رہا ہے جس میں کھیلوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا جائے گا اور جلد سپورٹ پالیسی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ملک میں کرکٹ سمیت تمام کھیلوں کا معیار بلند ہو۔

Advertisement