وزیرِاعظم ہاؤس کی لگژری گاڑیاں نیلامی کیلئے تیار، اشتہار جاری

Last Updated On 02 September,2018 05:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کفایت شعاری کی جانب وزیرِاعظم عمران خان کا ایک اور قدم، وزیرِاعظم ہاؤس کی لگژری گاڑیاں نیلامی کیلئے تیار، قومی اخبارات میں اشتہار دے دیا گیا، 102 گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی۔

وزیرِاعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ وزیرِاعظم ہاؤس کی لگژری گاڑیاں نیلامی کیلئے تیار ہیں، اس سلسلے میں قومی اخبارات میں اشتہار دے دیا گیا ہے جس کے مطابق گاڑیوں کی نیلامی 17 ستمبر کو وزیرِاعظم ہاؤس میں ہو گی۔

اشتہار کے مطابق 102 گاڑیاں نیلامی کے لیے پیش کی جائینگی جن میں 27 بلٹ پروف، جدید نان پروٹیکٹڈ اور بعض 25 سے 30 سال پرانے ماڈلز کی گاڑیاں بھی نیلام کی جائیں گی۔

یہ ملکی تاریخ کی سب سے پہلی نیلامی ہو گی۔ گاڑیوں کو نیلامی سے قبل دیکھنے کے خواہش مند حضرات 13 اور 14 ستمبر کو دفتری اوقات میں وزیرِاعظم ہاوس کے پارکنگ ایریا میں ملاحظہ کی جا سکتی ہیں۔ وزیرِاعظم ہاؤس کے بعد وفاقی وزارتوں میں بھی یہی اقدام اپنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ عمران خان نے وزیرِاعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ وہ پی ایم ہاؤس کی لگژری گاڑیوں کو نیلام کر دیں گے۔
 

Advertisement