جاپانی وزیر کی عمران خان سے ملاقات، پاکستان کیساتھ مل کر کام کرنے کا عزم

Last Updated On 31 August,2018 05:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان سے جاپان کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور نے ملاقات کی اور منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

جاپان کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور کازوکی ناکانے نے پاکستانی وزیرِاعظم عمران خان سے ملاقات کی اور اپنی قیادت کی جانب سے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے بتایا کہ جاپانی وزیرِاعظم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

اس موقع پر عمران خان نے بھی جاپان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور انسانی ترقی کے شعبوں میں کام کرنا چاہتا ہے، پاکستان جاپانی سرمایہ کاری کے لئے بہت دوستانہ ملک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف سماجی منصوبوں میں جاپان کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ ہم تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی میں جاپان کے تعاون کا خواہاں ہیں۔ وزیرِاعظم عمران خان نے جاپانی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت کا پیغام بھی دیا۔