اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے ہری پور میں پودا لگایا، وزیرِ اطلاعات فواد چودھری، وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے اسلام آباد اور وزیرِاعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں پودا لگا دیا، سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ عوام بھی مہم میں پیش پیش نظر آ رہے ہیں۔
پلانٹ فار پاکستان مہم میں ہر کوئی بھرپور طریقے سے حصہ ڈالنے میں مصروف ہے۔ وزیرِاعظم عمران خان نے ہری پور میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کا مقصد گلوبل وارمنگ سے مقابلہ کرنا ہے، ملک بھر میں دس ارب درخت لگائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد پورے پاکستان کو سرسبز وشاداب کرنا ہے، درخت نا لگائے تو ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو گا کیونکہ درخت آکسیجن فراہم کرتے ہیں۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ ہم نے شجر کاری اور صفائی کو تدریسی نصاب کا حصہ بنانا ہے۔
اس کے علاوہ وزیرِاعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج پورے ملک میں پلانٹ فار پاکستان شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا ہے، چاہتا ہوں ہم سب اس گرین پاکستان مہم کا حصہ بنیں، گرین پاکستان مہم کا حصہ بن کر ہم آئندہ نسل کو موسمیاتی تبدیلیوں اور آلودگی سے بچا سکتے ہیں۔
ادھر وزیرِ اطلاعات فواد چودھری نے اسلام آباد میں پودا لگایا، وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے بھی اسلام آباد ایکسپریس وے پر پلانٹ فار پاکستان مہم کا آغاز کیا۔ وزیرِاعلیٰ بلوچستان جام کمال اور دیگر رہنماؤں نے بھی کوئٹہ میں پلانٹ فار پاکستان مہم کیلئے پودا لگایا۔
Today we launch our tree plantation drive #Plant4Pakistan across the entire country. I want everyone to join this #GreenPakistan drive so we can counter the twin threats of climate change and pollution confronting our future generations.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) September 2, 2018