گورنر سندھ نے کے الیکٹرک کو حادثات کا براہ راست ذمہ دار قرار دیدیا

Last Updated On 04 September,2018 11:51 am

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ نے کے الیکٹرک کو حادثات کا براہ راست ذمہ دار قرار دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی براہ راست غفلت سے واقعہ ہوا، ادارے کو بچے کے لیے فوری پیکج کا اعلان کرنا ہوگا۔

کے الیکٹرک کی غفلت سے 8 سالہ عمر دونوں ہاتھوں سے معذور ہوگیا، گورنر سندھ سول ہسپتال کے برنس سینٹر میں زیر علاج بچے کی عیادت کو پہنچے۔ عمران اسماعیل نے کے الیکٹرک کو واقعہ کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا ازالہ کرنا ہوگا۔

گورنر سندھ نے گرین پاکستان مہم کے تحت برنس سینٹر میں پودا بھی لگایا۔ رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا مقدمہ ملازمین کے بجائے ایم ڈی کے الیکٹرک کیخلاف درج ہونا چاہیئے تھا۔ معاملہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں بھی اٹھا، وزیراعلی سندھ نے عمر کو مصنوعی بازو لگانے کی ہدایت کی۔

ادھر کے الیکٹرک حکام نے کنڈوں اور غیر قانونی کنکشنز کو واقعہ کی وجہ قرار دیا اور کہا عمر کیلئے علاج اور تعلیم کی پیشکش کی مگر والدین کی جانب سے مثبت جوان نہیں مل رہا۔