اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیرِ دفاع پرویز خٹک، سپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت دیگر افسران کے خلاف 14 انکوائریوں کی منظوری دے دی۔
قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چئیرمین جاوید اقبال کے زیرِ صدارت ہوا جس میں پرویز خٹک اور دیگر کیخلاف انکوائریوں کی منظوری دی گئی، ان کی تفصیلات مناسب موقع پر اور سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق بہم پہنچائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں بدعنوانی کے ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو نمٹانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب کے افسران کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ نیب بدعنوانی کے خاتمہ کو نہ صرف اپنی قومی زمہ داری سمجھتا ہے بلکہ نیب افسران اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کرپشن فری پاکستان کے لیے بھرپور کاوشیں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز کو قانون، میرٹ، شفافیت اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مقررہ وقت کے اندر منطقی انجام تک پہنچایا جائے تا کہ بد عنوان عناصر سے قوم کی لوٹی ہوئی رقم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائی جائے جس سے ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا اور بدعنوان عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔