اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں گواہ واجد ضیاء کے بیان تبدیلی کیخلاف نواز شریف کی درخواست پر نیب حکام کو کل طلب کر لیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سابق وزیراعظم کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل خواجہ حارث نے موقف اپنایا کہ دوران جرح ان کے سوال پر واجد ضیاء نے جواب دیا جو لکھا گیا، جس کے بعد نیب پراسیکیوٹر کے اعتراض پر فاضل جج نے تحریر شدہ بیان تبدیل کردیا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ گواہ کا اس طرح بیان تبدیل کرنے سے کیس پر کیا اثر پڑے گا، جس پر خواجہ نے کہا کہ تحریر شدہ بیان نیب کے اعتراض پر تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ نیب حکام کو بلا کر ان کا موقف بھی سن لیتے ہیں، عدالت نے قومی احتساب بیورو کو کل کیلئے نوٹس جاری کر دیئے، سماعت کل دوبارہ ہوگی۔
وکیل خواجہ حارث نے کہا نیب کے اعتراض پر لکھا گیا بیان تبدیل ہوسکتا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے نیب حکام کو کل سن لیتے ہیں۔