اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا ) رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کی عام انتخابات میں ناکامی کے باوجود الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں بھی نتائج کی فوری ترسیل کیلئے آرٹی ایس استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پریذائیڈنگ افسران کو نتائج کی ترسیل کیلئے روایتی طریقہ کار بھی استعمال کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے انتہائی باوثوق ذرائع نے روزنامہ دنیا کو بتایا ہے کہ 14 اکتوبر کو ہونیوالے ضمنی انتخابات میں آرٹی ایس کو استعمال کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نادرا کیساتھ الیکشن کمیشن کا عام انتخابات اور ضمنی الیکشن میں آرٹی ایس کے استعمال کا معاہدہ ہے، 25 جولائی کو ہونیوالے عام انتخابات کے دوران نتائج کی ترسیل کیلئے آرٹی ایس نظام بیٹھ گیا تھا جس کے بعد سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس نظام کو استعمال کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ آر ٹی ایس متنازعہ ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات میں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن کے حکام ضمنی انتخابات میں آرٹی ایس کے حوصلہ افزا نتائج کے خواہش مند ہیں۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز قاسم ندیم کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق قانونی تقاضا ہے کہ الیکشن کمیشن نتائج کی تیز تر ترسیل کیلئے رزلٹ مینجمنٹ سسٹم تیار کرے، ضمنی انتخابات میں بھی آرٹی ایس اور آر ایم ایس کو استعمال کیا جائے گا، الیکشن کمیشن قانون پر عملدرآمد کا پابند ہے۔