اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی نے فون کیا اور پاکستانی قونصل جنرل کی سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو فون کر کے وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ دوران گفتگو شاہ محمود قریشی نے جلال آباد میں پاکستانی قونصل جنرل کی سکیورٹی کا مسئلہ اٹھایا۔ جس پر افغان وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو پاکستانی قونصل جنرل کی سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزراء خارجہ نے مشترکہ ورکنگ گروپس کے تحت تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق رائے کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تعلقات میں بہتری پر‘پاک افغان امن وخود مختاری ایکشن پلان’ کی کاوشوں کو بھی سراہا اور مسائل کو ‘پاک افغان امن و خودمختاری ایکشن پلان’ کے فورم پر حل کرنے پر زور دیا۔
افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے پاکستانی عوام اور حکومت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کو دورہ افغانستان کی دعوت دی جسے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے قبول کر لیا۔ حکومت پاکستان نے ننگر ہار کے گورنر کی بے جا مداخلت کے بعد جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کو یہ کہہ کر بند کر دیا تھا کہ جب تک سکیورٹی کے انتظامات یقینی نہیں بنائے جاتے قونصل خانہ بند رہے گا۔ جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں سرد مہری پائی جاتی ہے۔