پشاور: (دنیا نیوز) صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی اور وزیرِ خزانہ تیمور جھگڑا کہتے ہیں کہ نیب اور اینٹی کرپشن کا کام تسلی بخش ہے، اس لیے احتساب کمیشن کو ختم کیا جا رہا ہے۔
خیبر پختونخوا کابینہ اجلاس کے بعد وزیرِاعلیٰ ہاؤس میں ترجمان خیبر پختونخوا حکومت شوکت یوسفزئی اور وزیرِ خزانہ تیمور جھگڑا کا مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہنا تھا کہ صحت انصاف کارڈ کو گزشتہ حکومت میں شروع کیا گیا جس پر کافی کام ہوا ہے۔ نیب اور اینٹی کرپشن کا کام بھی تسلی بخش ہے، اس لیے احتساب کمیشن کو ختم کیا جا رہا ہے۔ بلدیاتی نظام کو بہتر کرنے کے لئے ترامیم لا رہے ہیں۔ صوبے کے شمالی علاقوں میں سیاحت کو فروغ دیا جائیگا۔ فنی تعلیم کے حوالے سے لوگوں کو مختلف ہنر سکھائے جائیں گے۔ کرپشن خاتمہ کیلئے مانیٹرنگ سسٹم بنا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس ایکٹ کو قبائلی علاقوں تک وسعت دینے کے لئے ریفارمز لا رہے ہیں۔ سستے انصاف کی فراہمی کیلئے چیف حسٹس پشاور ہائی کورٹ کی مشاورت سے پالیسی بنائینگے۔
انہوں نے بتایا کہ آبپاشی کے لئے چشمہ رائٹ بینک کنال کے حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا۔ صوبے میں لاکھوں ایکڑ زمینوں کو سیراب اور زرعی زمینوں کو ہاؤسنگ سوسائٹیز سے بچانے کے لئے اقدامات کئے جائینگے۔
صوبائی وزرا نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بجلی کی پیدوار اور چھوٹے پراجیکٹ کے ذریعے سستے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائینگے۔ سوات ایکسپریس وے اور بی آر ٹی جیسے تمام منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائیگا۔ وزیرِاعلی خود ہر دس دن بعد اس کا جائزہ لینگے۔ این ایف سی اور صوبے کے حقوق پر وفاقی حکومت سے بات کرینگے۔