اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر پیری کال کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے، ابھی بھی بہت مشکلات درپیش ہیں تاہم پاکستان وقت کے ساتھ ان مسائل پر قابو پا لے گا۔
اسلام آباد میں لوک ورثہ اور کینیڈین ہائی کمیشن کے اشتراک سے منعقدہ میوزیکل ورک شاپ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کینڈین ہائی کمشنر پیری کال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ثقافت بہت وسیع ہے، میوزک کے ذریعے نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتں اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔
ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی روایتی موسیقی کو پاکستانیوں سے متعارف کروانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے، ان ثقافتی تبادلوں سے دونوں ممالک کی دوستی مزید گہری ہو گی۔
اس موقع پر کینیڈین اورپاکستانی گلوکاروں نے موسیقی کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے اقدامات کو سراہا۔