راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار نے یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بحیثیت قوم ایمان، اتحاد اور تنظیم کا مظاہرہ کیا گیا، یہ چیز ہمیں ان شاء اللہ ہماری صحیح منزل تک لے کر جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے شہداء اور انکے خاندانوں، وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزراء اور پارلیمنٹرینز کا بھی شرکت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے یوم دفاع و شہدا منانے کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کے موثر کردار پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔
COAS thanks all honourable guests for gracing ‘Defence & Martyrs Day’ ceremony at GHQ. “We displayed ‘Faith-Unity-Discipline’ as a nation across the country. Same shall take us to our rightful destination, IA. Salute to Martyrs & their families”, COAS.
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) September 7, 2018
ہمیں_پیار_ہے_پاکستان_سے#
یاد رہے گزشتہ روز یوم دفاع کی مرکزی تقریب راولپنڈی میں جی ایچ کیو میں ہوئی، جس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم عمران خان تھے، خاتون اول بشریٰ بی بی، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، وزیر دفاع پرویزخٹک، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی تقریب میں موجود تھے۔
مرکزی تقریب میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، شہدا کے ورثا اور فوجی وسول حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں شرکت کیلئے جب وزیر اعظم جی ایچ کیو پہنچے تو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب کے دوران گلوکاروں نے شاندار انداز میں ملی نغمے پیش کیے، دفاع وطن کے نغموں پر اکثر شرکا اور شہدا کے لواحقین کی آنکھیں نم تھیں۔