راولپنڈی: (دنیا نیوز) یوم دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی، تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔
یوم دفاع و شہداء کے حوالے سے جی ایچ کیو میں ہونے والی مرکزی تقریب میں وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب میں پہنچنے پر عمران خان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم اور آرمی چیف نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیراعظم عمران خان نے شرکاء سے خطاب بھی کیا اور مادر وطن پر جان قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مرکزی تقریب میں مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر عسکری حکام کیساتھ سیاسی و سماجی شخصیت اور شہداء کے اہلخانہ موجود تھے۔
معروف گلوکار ساحر علی بگا نے تقریب کے آغاز میں ملی نغمہ گایا۔ بعد ازاں تقریب میں شہید جوانوں کے اہلخانہ پر مبنی مختصر فلم دکھائی گئی جس نے حاضرین کے آنکھوں کو نم کردیا۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض شوبز انڈسٹری کے معروف ستارے ہمایوں سعید اور مایا علی نے کی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے تقریب میں شہدا کو سلامی پیش کی۔
تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر ریلوے شیخ رشید بھی شریک ہوئے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور شاہد آفریدی سمیت دیگر کھلاڑی بھی تقریب میں موجود تھے۔