اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے یوم دفاع ملی اتحاد اور یکجہتی کا بہترین عکاس ہے، یوم دفاع منانے کا مقصد دشمن قوتوں کو 1965 کی یاد دلانا ہے، رواں سال یوم دفاع منفردانداز میں منایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا افواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوئیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی سے ملکی استحکام کو مزید دوام ملا۔ انہوں نے کہا ہم اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے میں پاک افواج کی جرات کو سراہتا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ پوری دنیا کے ساتھ برابری کی سطح پر باہمی تعاون کا فروغ چاہتے ہیں، عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم روکنے میں کردار ادا کریں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔