لاہور: (دنیا نیوز) صوبے میں بنیادی مراکز صحت میں کروڑوں کی مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، نیب نے شہباز حکومت میں ہونیوالے صحت پراجیکٹ کے خلاف شکنجہ سخت کر لیا، محکمہ صحت پنجاب سے اہم ریکارڈ مانگ لیا۔
شہباز شریف حکومت نے محکمہ صحت پنجاب میں صحت کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کئے، بنیادی صحت مراکز، رورل ہیلتھ سنٹر، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر، تحصیل ہیڈ کوارٹر میں ری ویمپنگ کے نام پر من پسند ٹھیکیداروں کو نوازا جانے کا الزام ہے۔ ادویات اور مرمت کے نام پر کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کی شکایات سامنے آرہی ہیں، جس پر نیب نے ایکشن لیتے ہوئے محکمہ صحت پنجاب سے ریکارڈ مانگ لیا۔
نیب کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر بینش نعمان کی جانب سے محکمہ صحت پنجاب اور ڈی جی ہیلتھ پنجاب کو خط لکھا گیا ہے جس میں بنیادی صحت مراکز سمیت 4 منصوبوں کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، نیب نے ڈسٹرکٹ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پراجیکٹ کا بھی ریکارڈ مانگ لیا ہے، اس حوالے سے ڈی جی ہیلتھ پنجاب حکام کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے مانگا گیا ریکارڈ فراہم کیا جا رہا ہے۔