اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر 50 لاکھ گھروں کی تعمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے، منصوبے سے لاکھوں بے روزگار افراد کو نوکریاں ملیں گی۔
ان خیالات کا اظہار وزیرِاعظم عمران خان نے گھروں کی تعمیر سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں منصوبے کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم نے کمیٹی کو حتمی سفارشات 2 ہفتوں میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
اجلاس میں سیکریٹری ہاؤسنگ نے منصوبے پر وزیرِاعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ منصوبے میں نجی شعبے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اشتراک کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر عمران خان نے اپنا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ 50 لاکھ گھروں اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیحات ہیں۔ گھروں کی تعمیر کیلئے زمین اور مطلوبہ وسائل کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں مکانات کی تعمیر سے بے گھر افراد کی رہائش کا مسئلہ حل ہو گا بلکہ لاکھوں افراد کو نوکریاں بھی میسر آئیں گی۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ اس منصوبے سے ہاؤسنگ سیکٹر سے منسلک صنعتوں کو ترقی ملے گی، ہم سرکاری اراضی کو بروئے کار لا کر وسائل اکٹھے کر سکتے ہیں۔