کوئٹہ: (دنیا نیوز) میر نعمت اللہ زہری کے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے پر سینیٹ میں خالی ہونے والی نشست پر بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے میر سرفراز بگٹی 37 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔
بلوچستان اسمبلی میں پولنگ کا آغاز آج صبح 9 بجے شروع ہوا جو شام 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ صوبائی الیکشن کمشنر نیاز احمد بلوچ نے پریزائیڈنگ افسر کے فرائض سر انجام دئیے۔
بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست پر 5 امیدوار مدمقابل تھے جن میں متحدہ مجلس عمل کے رحمت اللہ کاکڑ، بلوچستان عوامی پارٹی کے میر سرفراز بگٹی، بی این پی مینگل کے محمد ساجد ترین جبکہ دو آزاد امیدوار میر عامر خان رند اور میر غلام دستگیر شامل تھے تاہم میر عامر رند نے الیکشن سے قبل دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔
بی اے پی کے امیدوار میر سرفراز بگٹی نے 37 ووٹ حاصل کر کے سینیٹ کی نشست اپنے نام کی۔ ان کے مدمقابل ایم ایم اے کے امیدوار رحمت اللہ کاکڑ کو 20 ووٹ ملے۔
بلوچستان اسمبلی کے 61 میں سے 57 ارکان نے ووٹ کاسٹ کئے جبکہ چار ارکان نے ووٹ کاسٹ نہیں کئے۔