اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ میں سینیٹر شبلی فراز کو قائد ایوان نامزد کر دیا جبکہ ن لیگ کی جانب سے راجہ ظفرالحق کو قائد حزب اختلاف بنانے کی بھی درخواست جمع کرادی گئی۔
وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے نام خط میں بتایا گیا ہے کہ سینیٹ کے قواعد و ضوابط کی شق دو ذیلی شق ایک کے تحت ایوان بالا میں قائد ایوان وزیراعظم یا پھر ان کی طرف سے نامزد شخص ہوگا، جو وزیراعظم کی غیر موجودگی میں حکومتی امور سرانجام دے گا۔ اس لیے وزیراعظم عمران خان نے سینیٹر شبلی فراز کو سینیٹ میں قائد ایوان مقرر کردیا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن نے سابقہ قائد ایوان راجہ ظفر الحق کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے چیئرمین سینیٹ کو باضابطہ درخواست جمع کرادی گئی ہے۔