لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پارٹی صدر میاں شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کیلئے امیدوار نامزد کر دیا ہے، اس سے قبل آل پارٹیز کانفرنس میں بھی انھیں مشترکہ امیدوار کے طور پر سامنے لانے کا فیصلہ کیا تھا۔
ن لیگ کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ میاں محمد شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نمبرز گیم پر ہی فیصلہ ہو گا، ہم آزاد امیدواروں سے رابطے میں ہیں، تاہم جہاں آزاد امیدواروں کی نوٹوں کی منڈی لگی ہو، وہاں (ن) لیگ ایسی سیاست نہیں کرے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے خیالی اور خود ساختہ وزیرِاعظم بننے کے بعد جو تقریر کی اس کی لاج رکھیں، انہوں نے کہا تھا کہ جتنے حلقے چاہیں گے وہ کھولنے کو تیار ہیں۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق لاہور میں صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کے زیرِ صدارت مرکزی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاق اور پنجاب کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے معاملات پر غور کیا گیا جبکہ وزیرِاعظم کے امیدوار اور پنجاب میں اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے مشاورت بھی کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت سازی کے لئے تمام آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے، بصورت دیگر مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کریں گے اور تمام سیاسی حلیفوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
سابق صوبائی وزیر رانا مشہود نے پنجاب میں اکثریت ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سازی کے لئے نمبرز گیم حوصلہ افزا ہے، پنجاب میں حکومت سازی کے لئے مطلوبہ تعداد پوری کر لی جبکہ وفاق میں بھی بات چیت جاری ہے۔