اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود کا کہنا ہے کہ بھارت دہشتگردی سے مسئلہ کشمیرحل کرنا چاہتا ہے۔ وہ مسلسل سرجیکل سٹرائیک اور حملوں کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ کشمیریوں نے حق خودارادیت سے ہرجنگ جیتنی ہے۔
اسلام آباد میں صدرآزاد کشمیر سردارمسعود خان نے برطانوی وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ صدر آزاد کشمیر نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر بہتر اندازمیں اٹھانے پر شکریہ دا کیا۔ سردار مسعود نے راجہ فاروق حیدرکے ہیلی کاپٹر پربھارتی حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر بھی اس کی مذمت ہونی چاہیے۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت سرجیکل سٹرائیک اورحملوں کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ اقوام متحدہ آزاد کمیشن قائم کرے جو کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں سیاسی کارکنان کوفوری رہا کیا جائے اور ریاستی دہشتگردی میں ملوث بھارت جارحیت کی پالیسی ترک کرے۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ برطانوی وفد کویہ بات باورکرائی ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس مسئلے کواجاگر کیا جائے۔ مفادات کو ترک کرکے کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانا ضروری ہے۔ بھارت لائن آف کنٹرول پر کشمیریوں کے حقوق پامال کررہا ہے، بھارت 2003 کے معاہدے پر عمل در آمد کرے۔ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہیومن رائٹس کمیٹی کشمیر کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔