منتشر اپوزیشن کا اتحاد، ٹاسک ایک بار پھر مولانا فضل الرحمن کو مل گیا

Last Updated On 03 October,2018 07:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) منتشر اپوزیشن کو متحد کرنے کا ٹاسک ایک بار پھر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو مل گیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اس سلسلے میں مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات کی اور انھیں منتشر اپوزیشن کو متحد کرنے کا ٹاسک دیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پی اے سی اپوزیشن کو دینے کی روایت کو توڑنا پارلیمنٹ پر حملہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کا اجلاس بلائیں، دھاندلی کے نتیجے میں آنے والی حکومت کے لیڈر نے بجلی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، اس حکومت نے منفی چھ میگاواٹ بجلی پیدا کی۔

مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں، ہمارا اوسطاً جعلی حکومت سے پڑا ہے، ایک ماہ میں مہنگائی نے بہت جمپ لیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے ہمیں اور پیپلز پارٹی کو الجھانے کی کوشش کی جو ناکام ہوئے۔