لاہور: (روزنامہ دنیا ) پارٹی کے لیے قربانیاں دینے والے کئی اراکین اسمبلی کو نظر انداز کر کے نئے آنے والوں کو نواز ا گیا۔ پرویز مشرف کو وردی میں صدر منتخب کرانے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے والے محمد بشارت راجہ کو نہ صرف پنجاب کی نئی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے بلکہ انہیں قانون و پارلیمانی امور کی پہلے والی وزارت ہی مل گئی ہے۔
پنجاب کے سینئر وزیر عبدا لعلیم خان سابق ڈی جی رینجرز جنرل (ر) حسین مہدی کے ذریعے پرویز الٰہی کی کابینہ میں شامل ہوئے۔ ان پر نیب میں متعدد انکوائریز بھی چل رہی ہیں اور ان کے خلاف اربوں مالیت کا ای او بی آئی کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ جس وجہ سے ان کا نام وزارت اعلیٰ سے ڈراپ کیا گیا مگر اب انہیں بلدیات کی سب سے اہم وزارت دے دی گئی ہے۔
وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں ادویات کے ایک کیس میں سزا یافتہ ہیں اور لاہور ہائیکورٹ میں ان کے خلاف کیس بھی زیر سماعت ہے۔ لاہور سے میاں اسلم اقبال، راجن پور سے حسنین بہادر دریشک، اٹک سے ملک محمد انور اور فیصل آباد سے چودھری ظہیر الدین بھی مشرف دور میں پرویز الٰہی کی کابینہ کا حصہ رہے ہیں۔ مخدوم ہاشم جواں بخت، محسن لغاری اور نعمان لنگڑیال کا خاندان بھی مشرف دور میں حکومت کا حصہ رہا ہے۔