کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ بی اے پی اور مخلوط حکومت گوادر میں صاف پانی کی فراہمی سمیت صوبے میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی بھرپور شرکت کرے گی۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی آفس میں پارٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات ظہور بلیدی کا کہنا تھا کہ حکومت سازی کے بعد بی اے پی کا آج پہلا اجلاس ہوا جس میں بلوچستان حکومت کی ڈیڑھ ماہ کی کارکردگی پر بحث کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی قیادت میں حکومت نے گوادر میں صاف پانی کی فراہمی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری کے لیے اقدامات کیے جبکہ تفتان بارڈر پر زائرین کے مسائل بھی حل کیے جا رہے ہیں۔
ظہور بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کے صوبائی وزرا ہفتے میں ایک دن عوامی مسائل سنیں گے تا کہ عام کے مسائل حل ہوسکیں۔ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی بھرپور شرکت کرتے ہوئے عام انتخابات کی طرح کامیابی حاصل کریگی۔