لاہور: (دنیا نیوز) صفائی کمپنی سکینڈل بارے تہلکہ خیز انکشافات کے بعد حکومت پنجاب ایکشن میں آگئی، حکومت نے ویسٹ منجمنٹ کمپنی سکینڈل کی فوری تحقیقات کاحکم دیدیا، اسپشل آڈٹ کر انے کا اعلان کر دیا گیا۔
دنیا نیوز نے لاہور ویسٹ مینجمٹ کمپنی میں مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ اٹھایا تو حکومت پنجاب بھی حرکت میں آگئی، دنیا نیوز کے تہلکہ خیز انکشافات کے بعد حکومت پنجاب نے صفائی کمپنی سیکنڈل کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔
پنجاب کے سینئر وزیر عبد العلیم خان نے بتایا ہے کہ اسپشل آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر بلدیات پنجاب عبد العلیم خان نے کہا کہ تحقیقات کے نتیجے میں جن ذمہ داروں کا تعین ہوگا انکو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، سامنے آنے والے انکشافات تشویش ناک ہیں، سابق دور حکومت میں جو بے ضابطگیاں ہوئیں ان پر ایکشن لے لیا گیا ہے۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے خزانے پر 45 ارب کا جھاڑو پھیر دیا
ادھر پنجاب اسمبلی میں صفائی کمپنی اسکینڈل کے خلاف قرارداد جمع کرا دی گئی، قرارداد میں کوڑے کے نام پر اربوں روپے کی خرد برد کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا گیا۔ مسلم لیگ ق کی رکن پنجاب اسمبلی خدیجہ فاروقی نے معاملہ ایوان میں زیر بحث لانے کیلئے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی لوٹ مار کے خلاف شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر دیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں اربوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، اربوں روپے بیرون ملک منتقل کر دیئے گئے جبکہ کچرا شہر لاہور کا مقدر بن کر رہ گیا، گندگی کی وجہ سے عوام مہلک بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کا ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ قومی خزانے کو لوٹنے اورنقصان پہنچانے والوں کے خلاف شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔