پاکستان، افغان مفاہمتی عمل کیلئےکردارنبھاتا رہےگا، شاہ محمود کی امریکی نمائندےسےگفتگو

Last Updated On 09 October,2018 03:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی، دونوں رہنماوں نے افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور مستقبل میں تعاون برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو اپنے دورہ کابل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

 ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق زلمے خلیل زاد نے آج وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ افغان مفاہمتی عمل کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے نے دورہ کابل کے دوران افغان حکومت اور امریکہ کے مابین ہونے والی تازہ پیش رفت سے وزیرخارجہ کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان قیام امن کیلئے امریکی کوششوں کا خیر مقدم کرتا ہے اور افغان تنازع کے سیاسی حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس موقع پر زلمے خلیل زاد نے کہا کہ امریکہ، پاکستان کی خطے میں امن عمل کیلئے کوششوں کو سراہتا ہے۔ دونوں رہنماوں نے مستقبل میں تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔