ایبٹ آباد: (دنیا نیوز) ملٹری اکیڈمی کاکول میں 138 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ ہر وقت قربانی کے لیے تیار جوانوں کی قیادت ان کے لیے باعث فخر ہے، پاک فوج کے جوان چیلنجز میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے مشہور ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 138 لانگ کورس، 57ویں انٹیگریٹیڈ کورس اور 23ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور امتیازی پوزیشن لینے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاس ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہر وقت قربانی کے لیے تیار جوانوں کی قیادت باعث فخر ہے۔
اعزازی شمشیر بٹالین سینئر انڈر آفیسر غلام نبی، صدارتی تمغہ اکیڈمی سینئر انڈر آفیسر محمد بلال، چیئرمین کا طلائی تمغہ نیپال کے کیڈٹ بشیش تھنگدن جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف چھڑی ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کمپنی انڈر آفیسر محسن وسیم نے حاصل کیا۔
پاس آوٹ ہونے والوں میں سعودی عرب، نیپال، سری لنکا، فلسطین اور لیبیا کے کیڈٹس بھی شامل ہیں۔