اسلام آباد: (دنیا نیوز) سمندر پار پاکستانیوں کیلئے بڑا دن، ملکی تاریخ میں پہلی بار حق رائے دہی کا استعمال، 6 ہزار سے زائد ووٹ انٹرنیٹ کے ذریعے کاسٹ کیے گئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 6233 سمندر پار پاکستانیوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، انٹرنیٹ ووٹنگ ٹرن آؤٹ 84 فیصد رہا۔ قومی اسمبلی کے لیے پانچ ہزار ایک سو سترہ انٹرنیٹ ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے لیے 1116 انٹرنیٹ ووٹ کاسٹ ہوئے۔
ادھر ضمنی الیکشن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پہلی بار شرکت روکنے کی سازش ناکام بنا دی گئی ہے۔ نادار نےاپنی مہارت سے ووٹنگ ویب سائٹ پر ہزاروں حملے پسپا کر دیئے۔
ذرائع کے مطابق ہیکرز نے بیرون ملک پاکستانیوں کی ضمنی الیکشن میں انٹرنیٹ ووٹنگ کے دوران ویب سائٹ پر 12 ہزار حملے کئے، مگر ویب سائیٹ ایک مرتبہ بھی ڈاؤن نہیں ہوئی۔ نادرا نے ویب سائٹ کی حفاظت کیلئے چار تہوں کا سیکیورٹی حصار بنا رکھا تھا، حملوں کو پہلے ہی مرحلےمیں ناکام بنا دیا گیا۔