پہلے ووٹ پھر بارات، مختلف شہروں میں دلہے ووٹ ڈالنے پہنچ گئے

Last Updated On 14 October,2018 10:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ضمنی الیکشن کے موقع پر کئی منفرد مناظر بھی دیکھنے کو ملے، مردان، مظفر گڑھ اور جلالپور پیروالا میں دلہے ووٹ ڈالنے پہنچ گئے، باراتیوں کو بھی ساتھ ہی لے آئے۔

ووٹ ڈالنا اولین ذمہ داری، مردان کے یاسر نے مثال قائم کر دی۔ حلقہ پی کے 53 کے یاسر کا آج بیاہ تھا، مگر وہ سسرال کے بجائے پہلے پولنگ اسٹیشن پہنچے اور اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، دلہے کی دیکھا دیکھی باراتیوں نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔ جلالپور پیروالا میں بھی کچھ ایسا ہی منظر نظر آیا، جہاں دلہے نے ووٹ کے فرض کو مقدم جانا۔ دلہا پولنگ اسٹیشن پر آیا اور باراتیوں کو بھی ساتھ لے آیا۔

مظفر گڑھ کے مدثر نے بھی سہرا باندھ کر پہلے پولنگ اسٹیشن کی یاترا کی، پھر بارات دلہن کو بیاہنے گئی۔