کوئٹہ: (دنیا نیوز) بولان کے علاقے مچھ اور ہرک کے درمیان ریلوے ٹریک کے قریب 2 دھماکے ہوئے جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریکس بولان کے علاقے مچھ کے قریب پہنچی تو مچھ اور ہر ک کے درمیان ریلوے ٹریک کے قریب ایک زوردار دھماکہ ہوا تاہم ٹرین کے ڈرائیور نے انجن کو فوری قابو کر کے روک لیا اسی دوران دوسرا دھماکہ ہوا۔
ریلوے حکام کے مطابق دھماکوں سے ٹریک کو جزوی نقصان ہوا، دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، سوئپنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جائے وقوعہ سے ایک دستی بم بھی برامد ہوا تاہم سکیورٹی زرائع کے مطابق دھماکہ ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کی جانب سے جعفر ایکسپریکس ہرک اسٹیشن پر جبکہ لاہور جانے والی بگٹی ایکسپریکس اور کراچی جانے والی بولان میل کو کولپور اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے، ٹریک بحال ہونے کے بعد ٹرینوں کو منزل کی طرف روانہ کیا جائے گا۔