کوئٹہ: (دنیا نیوز) چیئرمین پشاور زلمی کی کوئٹہ میں کمانڈرن سدرن کمانڈ جنرل عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات، پشاور زلمی کوئٹہ کے بولان اور بگٹی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کرے گی۔
چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے کوئٹہ میں کمانڈرن سدرن کمانڈ جنرل عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جاوید آفریدی نے کوئٹہ اور بلوچستان میں امن و امان کی بہتری پر پاکستان آرمی کی کوششوں کو سراہا۔ خصوصی طور پر قیام امن کی کوششوں اور سماجی خدمات پر جنرل عاصم باجوہ کی کوششوں کی تعریف کی۔ ملاقات میں کوئٹہ میں کرکٹ کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جاوید آفریدی نے پشین میں کرکٹ اسٹیڈیم کے ساتھ بولان اور بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ کی اپ گریڈیشن کے لیے زلمی فاؤنڈیشن اور پی سی بی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ جاوید آفریدی نے جنرل عاصم باجوہ کو زلمی فاؤنڈیشن کے تحت خیبر پختونخواہ میں زلمی اسکول لیگ، زلمی مدرسہ لیگ اور دیگر پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا اور کوئٹہ اور بلوچستان میں بھی نوجوان کرکٹرز کے لیے مشترکہ پروگرام اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔