لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے تمام محکموں سے واٹر مینجمنٹ پالیسی کے لئے سفارشات مانگ لی ہیں۔
حکومت پنجاب نے پانی کا ضیاع روکنے کیلئے واٹر مینجمنٹ پالیسی تشکیل دینے اور نیا قانون بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیرِاعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تمام محکموں سے سفارشات مانگ لی ہیں۔
اس حوالے سے آئندہ ہفتے تمام محکموں کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پانی کے ضیاع کو روکنے اور اس کی ترسیل کے حوالے سے واضح واٹر پالیسی مرتب کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ٹیوب ویل لگانے اور اس کے پانی نکالنے کی حد کا بھی تعین کرنے پر غور ہو گا جبکہ پانی کی بہاؤ کی مانیٹرنگ کے ذریعے بھی حکومت پنجاب پانی کے ضیاع کو روکنے کے اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔
واٹر مینجمنٹ پالیسی میں زیر زمین پانی کی ملکیت، ذمہ داری اور استمعال کے حوالے سفارشات مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پروانشل واٹر پالیسی اینڈ گراونڈ واٹر ایکٹ 2018ء کے نام سے نیا قانون بھی بنایا جائے گا۔