لاہور: ( روزنامہ دنیا) واسا نے شہریوں کو پانی کی فراہمی میں 10 گھنٹے کمی کر دی۔ جبکہ پانی کا بل 2 ماہ کی بجائے ہر ماہ ادا کرنا پڑے گا۔
صارفین اس وقت ایک روپے میں 50 گیلن کے حساب سے پانی کا بل ادا کر رہے ہیں یہ دنیا میں سب سے کم ترین نرخ ہیں۔ زیر زمین پانی کے بتدریج ذخائر کم ہو نے کے پیش نظر واسا شہریوں کو 22 کی بجائے 12 گھنٹے پانی فراہم کرے گا جبکہ 280 پٹرول پمپس کیساتھ سروس سٹیشن کے کنکشن بند کر دیئے گئے ہیں اور انہیں 3 ماہ کے لئے مہلت دی گئی ہے کہ وہ سروس سٹیشن پر ری سائیکلنگ پلانٹ نصب کریں۔
واسا نے مساجد میں وضو کے پانی کو پی ایچ اے کے زیر استعمال لانے کیلئے مساجد کے باہر زیر زمین ٹینکیاں بنانے کیلئے بھی تجویز دی ہے پی ایچ اے ان ٹینکیوں سے پانی اکٹھا کر کے پارکوں کو سیراب کرے گا۔ واسا ترجمان کے مطابق گھریلو صارفین کے پانی کے نرخ بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، نہ ہی گھریلو صارفین کے بل بڑھائے جا رہے ہیں۔ پانی کے بحران کے پیش نظر 22 گھنٹے فراہمی ممکن نہیں۔ ترجمان نے کہا شہری پانی کفایت شعاری سے استعمال کریں۔