ربی سیزن میں پانی کی کمی 38 فیصد رہے گی، ارسا

Last Updated On 01 October,2018 07:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ربی سیزن میں کئی فصلوں کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا، ارسا کے مطابق پانی کی قلت 38 فیصد رہے گی۔

ارسا ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، اجلاس میں چاروں صوبوں کے سیکرٹری، واپڈا حکام اور ڈی جی میٹ نے شرکت کی۔ ارسا کے مطابق ربی سیزن میں پانی کی قلت 38 فیصد رہے گی۔ اس وقت پانی کا ذخیرہ 58 لاکھ 90 ہزار مکعب فٹ ہے جبکہ پانی کا نقصان 17 لاکھ 30 ہزار مکعب فٹ ہے۔ اس موقع پر ڈی جی میٹ نے بتایا کہ موسم سرما میں بارشیں اوسط سے کم رہنے کا خدشہ ہے۔ اکتوبر اور نومبر میں بارشوں کا کوئی امکان نہیں جبکہ جنوری اور فروی میں شمالی علاقہ جات میں بارشیں ہوسکتی ہیں۔

ارسا کے مطابق ربی سیزن میں پانی کی کل فراہمی 2 کروڑ 31 لاکھ رہے گی، جس میں پنجاب کا حصہ 1 کروڑ 32 لاکھ مکعب فٹ، سندھ کا 92 لاکھ، بلوچستان کا 10 لاکھ اور خیبرپختونخوا کا حصہ 7 لاکھ مکعب فٹ ہوگا۔