آئندہ ربیع کے موسم میں پانی کی 45 فیصد کمی کا خدشہ، ارسا

Last Updated On 24 September,2018 06:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ارسا نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، ملک میں آئندہ ربیع کے موسم میں آبپاشی کے لیے پانی کی 45 فیصد تک کمی کا خدشہ ہے۔

ارسا کے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں ربیع موسم میں فصلوں کے لیے پانی کی 35 سے 45 فیصد تک کمی کا سامنا ہوگا۔ پانی کی قلت سے گندم سمیت دیگر اہم فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ارسا کے مطابق آبی ذخائر میں اس وقت 72 لاکھ ایکڑ فٹ پانی موجود ہے۔ تربیلا ڈیم میں 47 لاکھ ایکڑ فٹ، منگلا ڈیم میں 29 لاکھ اور چشمہ میں ایک لاکھ ایکڑ فٹ پانی موجود ہے۔

خیال رہے کہ خریف میں بھی صوبوں کو پانی کی 21 فیصد قلت کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے باعث پنجاب کو حصے کے پانی میں سے 20 فیصد، سندھ کو 17 فیصد، بلوچستان کو 44 فیصد جبکہ خیبرپختونخوا میں 33 فیصد کم پانی دیا گیا۔