سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا ڈیم فنڈ کے نام میں تبدیلی کی اجازت دے دی

Last Updated On 24 September,2018 02:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا ڈیم فنڈ کے نام میں تبدیلی کی اجازت دے دی، فنڈ کا نیا نام سپریم کورٹ وزیراعظم دیامر بھاشا ڈیم فنڈ ہوگا، فنڈ کا نام تبدیل کرنے کی درخواست اسٹیٹ بینک نے دائر کی تھی۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔ نمائندہ اسٹیٹ بینک نے موقف اختیار کیا کہ پہلے فنڈ کا نام سپریم کورٹ دیامر بھاشا ڈیم فنڈ تھا مگر وزارت خزانہ نے نام ‘‘وزیراعظم چیف جسٹس ڈیم فنڈ’’ رکھ دیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وزیراعظم نے فنڈ کا نام بدلنے کیلئے ان سے اجازت لی تھی، مگر اس کی بینچ سے اجازت نہیں لی گئی تھی، وزیراعظم نے کہا تھا کہ حکومت اس فنڈ کو جوائن کرنا چاہتی ہے، ہم نے کہا کہ فنڈ آنے چاہئیں، نام چاہے کوئی بھی ہو، ہمارا کوئی انا کا مسئلہ نہیں، وزیراعظم کا ایک مقام ہے، ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئر رضوی نے بتایا کہ ڈیم فنڈ میں دیئے عطیات کو ٹیکس سے مستثنیٰ کر دیا ہے جبکہ موبائل فون کمپنیوں کو بھی فنڈ کی تشہیر کا کہہ دیا ہے، اکاؤنٹ کا نام تبدیل کرنے سے کچھ مشکلات پیش آئیں گی، تمام اشتہارات میں اب فنڈ کا نام تبدیل کرنا پڑے گا۔ جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ جو پرانے اشتہارات چل رہے ہیں انھیں ایسے ہی چلنے دیا جائے، نئے اشتہارات میں فنڈ کا نام تبدیل کرلیا جائے۔