کراچی: (دنیا نیوز) پانی کے ذخائر میں 1 لاکھ 71 ہزار مکعب فٹ کی کمی، ارسا کے مطابق پانی کا ذخیرہ 58 لاکھ 79 ہزار مکعب فٹ کی سطح پر آگیا۔
ملک بھر میں توقعات سے کم بارشوں کے باعث پانی کے ذخائر میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ ارسا کے اعداد و شمار کے مطابق صرف ایک ہی روز میں پانی کا ذخیرہ 1 لاکھ 71 ہزار مکعب فٹ کمی کے بعد 58 لاکھ 79 ہزار مکعب فٹ کی سطح پر پہنچ چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم سرما میں بارشیں اوسط سے کم رہنے کا خدشہ ہے۔ اکتوبر اور نومبر میں بارشوں کا کوئی امکان نہیں جبکہ جنوری اور فروی میں شمالی علاقہ جات میں بارشیں ہوسکتی ہیں۔ ارسا کے مطابق ربی سیزن میں پانی کی قلت 38 فیصد رہے گی۔
سندھ آباد گار بورڈ کے صدر محمود نواز شاہ نے دنیا نیوز کو بتایا کہ پانی کی قلت کے باعث گندم، آم اور کیلے کی فصل متاثر ہوسکتی ہے، پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے ارسا منصفانہ منصوبہ بندی کرے۔