کراچی: (دنیا نیوز) آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے کل ملک بھر میں ہڑتال کی دھمکی دے دی۔ ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل میں سہولیات نہ ملنے پر احتجاج کی کال دی گئی تھی۔
آئل ٹینکراونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے دس دن کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، مطالبات پورے نہ ہوئے تو ملک بھر میں تیل کی سپلائی روک دی جائے گی، اوگرا من پسند لوگوں کو تیل کی ترسیل کا ٹھیکہ دے رہا ہے۔ ہڑتال ہوئی تو ایک ہفتے میں پٹرول، ڈیزل کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے۔
ادھر ہڑتال کی کال پر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن مختلف ڈھڑوں میں تقسیم ہوگئی، اوگرا کی جانب سے من پسند افراد کو تیل کی ترسیل کا ٹھیکہ دینے پر آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن نے اتوار سے ملک بھر میں سپلائی روکنے کا اعلان کیا تھا۔
اوگرا کی جانب سے من پسند افراد کو تیل کی ترسیل کا ٹھیکہ دینے پر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے اتوار سے ملک بھر میں تیل کی سپلائی روکنے کا اعلان کیا مگر آئل ٹینکرز مالکان اس مسئلہ پر خود ہی متفق نہ ہوسکے۔ آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے الحاج گروپ نے اس ہڑتال سے لاعلمی کا اعلان کر دیا۔
دوسری جانب آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے، پی ایس او کے ساتھ کچھ مسائل تھے جنہیں بات چیت کے ذریعے حل کر لیا گیا، ہڑتال کی کال دینے والے افراد غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔