کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو کا کہنا ہے وزیراعظم اور چیئرمین نیب کی خفیہ ملاقاتوں سے انتقامی کارروائی کا تاثر پیدا ہوتا ہے، مہنگائی کی سونامی میں عوام ڈوب رہے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا شہباز شریف کے لیے کوئی دکھ کا احساس نہیں ہے، ماضی میں میرے خاندان کے ساتھ شہباز شریف کے رویے کی مذمت کرتا ہوں، ہم ماضی سے بالاتر ہو کر اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری پر تحفظات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا سانحہ کارساز میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں، الیکشن کے دوران دہشتگردی کے واقعات ہوئے، قومی اسمبلی کی پہلی تقریر میں دہشتگردی کے واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول اور آصفہ بھٹو یادگارشہدا کارساز پہنچے جہاں انھوں نے قبروں پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ان کے ہمراہ وزیر اعلی سندھ، صوبائی کابینہ اراکین اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو نے یادگار پر فاتحہ پڑھی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
یاد رہے کہ 18 اکتوبر 2007 کو سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر استقبال کیلئے نکالی گئ ریلی کے دوران بم دھماکے میں 130 افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔