اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو کا کہنا ہے تین نسلوں سے عدالت سے انصاف مانگ رہے ہیں، بھٹو کیس میں خود پارٹی بننے کا سوچ رہے ہیں، سوچا خود آکر دیکھیں انصاف کیسے ہوتا ہے، امید ہے زندگی میں شہید بھٹو اور شہید محترمہ کیس میں انصاف ملے گا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا امید ہے بی بی قتل کیس میں ہمیں انصاف ملے گا، ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ ہوں، اپنا قانونی حق استعمال کروں گا، سپریم کورٹ کے سب ججز قابل احترام ہیں۔ انہوں نے کہا بی بی کیس میں بتایا گیا مشرف سے متعلق کوئی فیصلہ ہی نہیں کیا گیا، کرائم سین دھونے پر ہم نے بہت اعتراض اٹھایا، سب نے بی بی کو کہا تھا ان کی جان کوخطرہ ہے، خدشات کے باوجود بی بی کو سکیورٹی مہیا نہیں کی گئی۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ جن سہولتکاروں کے ڈی این اے میچ ہوئے انہیں بھی چھوڑ دیا گیا، واقعہ میں ملوث افسران کو دوبارہ ڈیوٹی پر بحال کر دیا گیا، پرویز مشرف پر حملہ ہوا تو بہت عرصہ تک کرائم سین کو محفوظ رکھا گیا۔